لاہور(نیوزڈیسک)لاہور ہائی کورٹ کے جج نے عورت مارچ کی اجازت کیلئے درخواست پر سماعت کرنے سے معذرت کر لی۔عدالتِ عالیہ میں عورت مارچ کی اجازت نہ ملنے کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس مزمل اختر شبیر نے درخواست پر سماعت سے معذرت کر لی۔جج کی جانب سے کیس دوسرے بینچ کے سامنے لگانے کی سفارش کی گئی ہے، جس کے بعد فائل چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو بھجوا دی گئی۔عدالتِ عالیہ میں درخواست عورت مارچ کے منتظمین کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔واضح رہے کہ لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے مختلف تنظیموں کی جانب سے احتجاج کے باعث 8 مارچ کو عورت مارچ انتظامیہ کو ناصر باغ، ایوانِ اقبال، الحمرا اور مال روڈ پر مارچ کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔گزشتہ روز نگراں وزیرِ اطلاعات پنجاب عامر میر نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے عورت مارچ کے انعقاد میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی، عورت مارچ کے شرکا ء کو پولیس کی مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
