اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سربراہ مسلم لیگ (ن) وزیراعظم شہبازشریف نے بھارہ کہو بائی پاس فلائی اوور تعمیر کے دوران حادثے کا نوٹس لے لیا اور کہا کہ بھارہ کہو منصوبے میں کسی قسم کی غفلت قابلِ قبول نہیں، واقعے کے ذمہ داران کا تعین کرکے فوری رپورٹ پیش کی جائے۔تفصیلات کے مطابق وزیرِاعظم شہبازشریف نے گزشتہ روز پیش آنے والے حادثے کی انکوائری کے لئے کمیٹی تشکیل دیدی،سابق سیکٹری داخلہ شاہد خان کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی ہر پہلو کا جائزہ لے گی اور رپورٹ مرتب کرکے وزیرِاعظم شہباز شریف کو پیش کرے گی ۔ واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 30 ستمبر 2022 کو بہارہ کہو بائی پاس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا تھا جو 4 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کرنے کا ہدف ہے جبکہ منصوبہ تیار کرنے والی کمپنی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس منصوبے کو 3 ماہ میں مکمل کرے۔















