اسلام آباد(نیوز ڈیسک) قائداعظم یونیورسٹی میں دو طلباء تنظیموں میں تصادم ، یونیورسٹی کو غیر معینہ مدت کیلئے بند کردیا گیا ،،انتظامیہ نے ہاسٹلز میں رہائش پذیر طلبا و طالبات کو ہاسٹل فوری طور پر خالی کرنے کا حکم بھی جاری کر دیا۔تفصیلات کے مطابق قائداعظم یونیورسٹی میں دو طلباء تنظیموں میں جھگڑا مین ہٹس کے معاملے پر ہوا، لڑائی کے دوران دونوں جانب سے طلبا نے ایک دوسرے پر ڈنڈوں، لوہے کے راڈز اور پتھروں کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں 16 طلبا زخمی ہو گئے۔ واضح رہے کہ ایس ایچ او تھانہ کوہسار بھی پتھر لگنے سے زخمی ہوئے جبکہ اسلام آباد ضلعی انتظامیہ نے حالات کو کنٹرول کرنے کے لیے ایف سی کو طلب کیا اور حالات مزید خراب ہونے کے خدشہ کے باعث رینجرز اہلکاروں کو بھی ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیا۔ لڑائی کے دوران یونیورسٹی کی ایمبولینس کے شیشے بھی توڑ دیئے گئے۔لڑائی کے دوران زخمی ہونے والے طلبا میں گہرام، دانش، وسیم شاہ زیب، مراد، یحییٰ، مبارک، کاشف، فیصل، گہرام اکبر ، قاسم، محمود، فاروق، کامران، جہانزیب اور زکریا شامل ہیں جبکہ تمام زخمی طلبا کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

								
								
				
													













