راولپنڈی(نیوزڈیسک)راولپنڈی میں بسنت کے دوران فائرنگ کے واقعے میں 20 سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا جبکہ ہوائی فائرنگ اور پتنگ کی ڈور اور چھت پر سے گرنے کے نتیجے میں بچوں سمیت 34 افراد زخمی ہوگئے۔انتظامیہ کے بسنت پر پابندی اور پولیس کے اقدامات کے دعوؤں کی عوام نے قلعی کھول دی اور انہوں نے کھل کر قانونی احکامات کی دھجیاں اڑائیں۔ راولپنڈی کے تھانہ ایئرپورٹ کے علاقے میں پتنگ بازوں کی فائرنگ سے بیس سالہ نوجوان سر میں گولی لگنے سے جاں بحق ہوا، جس کی شناخت 20 سالہ ارحم فضل کے نام سے ہوئی۔واقعے کے بعد موقع پر ریسکیو رضاکار اور پولیس کی نفری پہنچی اور مقتول کی لاش کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا۔اسپتال ذرائع کے مطابق بسنت کے دوران فائرنگ اور پتنگ کی ڈور پھرنے کے مختلف واقعات میں بچے سمیت 34 زخمی ہوگئے جن میں سے چند کی حالت تشویشناک ہے۔















