اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور، قومی ورثہ و ثقافت انجینئر امیر مقام سے منگل کو یہاں وزارت میں آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر سے آئے ہوئے سوشل میڈیا رضاکاروں نے ملاقات کی۔ وفد میں ملک بھر سے نوجوان میڈیا ایکٹوسٹ شامل تھے۔ انجینئر امیر مقام نے جھوٹ کا مقابلہ سچ سے کرنے پر سوشل میڈیا رضاکاروں کی تعریف کی۔وزیر اعظم کے مشیر نے کہا کہ سوشل میڈیا رضاکار پاکستان مسلم لیگ (ن) کا اثاثہ ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نوجوان جھوٹ کو بے نقاب اور سچ کا پرچار کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نیازی نااہل شخص ہیں اور وہ بہادری سے جھوٹ بھی بولتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)قائد میاں نواز شریف کے وژن کے مطابق ملک میں نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور انہیں بااختیار بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔