لاہور (نیوزڈیسک)نگران صوبائی وزیر صنعت و تجارت و توانائی کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ٹیکسٹائل سیکٹر کو درپیش سوشل سیکیورٹی اورتوانائی کے مسائل اور بجلی کے کنکشن کی فراہمی میں تاخیر کے معاملات کا جائزہ لیا گیا۔سیکرٹری صنعت و تجارت اسحاق بھٹہ، اپٹما کے نمائندگان، محکمہ توانائی و لیبر، لیسکو، فیسکو،آئسکو کے حکام اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر زرمبادلہ کے حصول اور روزگار کی فراہمی کے حوالے سے اہم شعبہ ہے۔معیشت میں کلیدی اہمیت کے حامل ٹیکسٹائل سیکٹر کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر کے بجلی کے کنکشن کی فراہمی کے مسائل کے فوری حل کیلئے پنجاب حکومت مکمل تعاون کرے گی اورکسی صورت کارخانے بند نہیں ہونے دیں گے ۔ ایس ایم تنویر نے کہا کہ صنعتکاروں کے مسائل حل کیلئے ہمہ وقت حاضر ہوں۔ صوبائی وزیرنے کہا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر کے توانائی کے مسائل کے جلد حل کیلئے سٹیک ہولڈر ز کے ساتھ ملکر قابل عمل لائحہ عمل بنائیں گے اور اس مقصد کے لئے کمیٹی بھی تشکیل دی گئی۔اپٹما کے نمائندگان نے کہا کہ توانائی کے مسائل اور بجلی کے کنکشن کی فراہمی میں تاخیر سے ٹیکسٹائل انڈسٹری بند ہورہی ہے جس پر صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب کی انڈسٹری بند کرنے نہیں بلکہ اسے چلانے آئے ہیں۔صنعتکاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریںگے















