اہم خبریں

گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کا اعلان، عوام کو ریلیف

کراچی: پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے بعد آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے مال برداری کے کرایوں میں 5 فیصد کمی کا اعلان کردیا ہے۔ ٹرانسپورٹرز کے اس فیصلے کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ چار سے پانچ روز کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں پانچ فیصد کمی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ملک شہزاد اعوان نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم اور وفاقی وزیر پیٹرولیم کا شکریہ بھی ادا کیا۔
آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹرانسپورٹ کے شعبے کو مزید ریلیف فراہم کرنے کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید کمی کی جائے۔
ٹرانسپورٹرز کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے تناظر میں مال برداری کے کرایوں میں کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس اقدام سے سامان کی ترسیل کے اخراجات میں کمی آنے کی توقع ہے۔

متعلقہ خبریں