اہم خبریں

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں، علی پرویز ملک نے خوشخبری سنا دی

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں سے متعلق وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے عوام کو خوشخبری سنانے کا عندیہ دے دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ایندھن کی قیمتوں کے حوالے سے آج اچھی خبر ملے گی، تاہم انہوں نے ممکنہ کمی یا نئی قیمتوں کی تفصیلات نہیں بتائیں۔

وفاقی وزیر نے پیٹرولیم شعبے میں گزشتہ 50 سال سے جاری مبینہ گٹھ جوڑ پر بھی بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس نظام کے ذریعے چند مخصوص افراد نے اربوں روپے کمائے اور بعض لوگ عدالتی حکمِ امتناع کے پیچھے چھپتے رہے۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ بعض افراد پیٹرولیم وزیر کے ذریعے کوٹے حاصل کرنے کی کوشش کرتے تھے، جبکہ آئل ٹینکرز یا باؤزرز کے کوٹے بھی مانگے جاتے تھے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عالمی منڈی میں ایندھن کی قیمت زیادہ ہونے کے باوجود مقامی سطح پر اسے غیر حقیقی طور پر کم نرخوں پر فراہم کرنا ممکن نہیں۔

وفاقی وزیر کے مطابق حکومت کا مقصد مسابقتی عمل کے ذریعے بیرون ملک سے سستا ایندھن درآمد کرنا اور اس کا فائدہ عوام تک پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نظام میں شفافیت لانے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں اور حکومت ایندھن کی درآمد میں مقابلے کے مواقع بڑھانا چاہتی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت گیس کے شعبے میں بھی ایسا ہی نظام متعارف کرانے پر غور کر رہی ہے، جس کے تحت اس شعبے کو مسابقت کے لیے کھولا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بیرون ملک سے سستا ایندھن لا کر عوام کو کم قیمت پر فراہم کیا جا سکتا ہے تو حکومت اس اقدام کی حمایت کرے گی۔

علی پرویز ملک کے بیان کے بعد پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ممکنہ ریلیف سے متعلق توقعات بڑھ گئی ہیں، تاہم نئی قیمتوں میں کمی کی حتمی تصدیق سرکاری اعلان یا نوٹیفکیشن کے بعد ہی ہو سکے گی۔

متعلقہ خبریں