اسلام آباد(زمان مغل) خیبر پختونخوا کے مستقبل، موجودہ سیاسی و احتجاجی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کے لیے وزیراعظم پاکستان کی صدر مملکت سے ملاقات آج شام متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی صدر مملکت سے ملاقات ایوانِ صدر میں شام 4 بجے ہونے کا امکان ہے، جس میں وزیراعظم صدر مملکت کو اہم فیصلوں اور حکومتی اقدامات پر اعتماد میں لیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران خیبر پختونخوا میں جاری سیاسی اور احتجاجی صورتحال کے ساتھ ساتھ گزشتہ دنوں ہونے والے مذاکرات اور ان میں ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی گزشتہ دنوں ہونے والی اہم ملاقاتوں اور سیاسی صورتحال پر شرکاء کو بریفنگ دیں گے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں حکومتی اور پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے علاوہ قانونی ماہرین بھی شریک ہوں گے، جبکہ وزیراعظم کے ہمراہ حکومتی مذاکراتی وفد بھی ایوانِ صدر پہنچے گا۔
پیپلز پارٹی کا مذاکراتی وفد بھی ملاقات میں شریک ہوگا، جہاں خیبر پختونخوا کی صورتحال اور آئندہ کے سیاسی و حکومتی لائحہ عمل پر مشاورت کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں ہونے والی مشاورت کے بعد خیبر پختونخوا کی موجودہ صورتحال سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں۔
مزید پڑھیں۔پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ،نوٹیفکیشن جاری















