اسلام آباد(اے بی این نیوز)اسلام آباد پولیس نے تھانہ مارگلہ کی حدود سیکٹر ایف ایٹ تھری میں نواب آف بہاولپور فیملی کے گھر ہونے والی بڑی چوری کی واردات ٹریس کرتے ہوئے 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق تھانہ مارگلہ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی، سیف سٹی کیمروں اور انسانی ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے چوری کی واردات میں ملوث ملزمان تک رسائی حاصل کی۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ قیمتی اشیاء میں سے 70 سے 80 فیصد مالِ مسروقہ برآمد کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید برآمدگی اور واردات میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ایف ایٹ تھری کے مکان نمبر 28 اے میں نواب صلاح الدین عباسی کے صاحبزادے شہزادہ بہاول عباس عباسی کے گھر چوری کی واردات ہوئی تھی۔ واردات کے دوران گھر کے اسٹور روم کا تالہ توڑ کر قیمتی اور تاریخی نوادرات چوری کیے گئے تھے۔
ایف آئی آر کے مطابق چوری ہونے والی اشیاء میں سلور تھرون، چاندی کی سیڑھی، چاندی کے پیالے اور مجسمے شامل تھے، جبکہ بہاولپور ریاست کے کریسٹ والی سونے اور چاندی کی پلیٹس اور ایک بڑا سلور فریم بھی چوری کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق گھر سے بہاولپور ریاست کی قدیم مسکٹ گنز اور تلواریں بھی غائب ہوئی تھیں، مجموعی طور پر 10 قدیم ہتھیار چوری ہونے کی اطلاع دی گئی تھی۔ گھر سے دیگر قیمتی اشیاء بھی غائب ہونے کی نشاندہی کی گئی تھی، جن کی مکمل انوینٹری کے بعد مزید فہرست پولیس کو فراہم کی جانی تھی۔
شہزادہ بہاول عباس عباسی کی درخواست پر تھانہ مارگلہ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں دفعہ 380 اور 454 کے تحت کارروائی شروع کی گئی۔
ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا کے مطابق شہریوں کو ان کے قیمتی اثاثوں سے محروم کرنے والے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں اور گرفتار ملزمان کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ چوری شدہ مزید سامان کی برآمدگی اور واردات میں ملوث عدم گرفتار ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔
مزید پڑھیں: دنانیر مبین نے گلوکاری کی دنیا میں قدم رکھ دیا، پہلا گانا ’ٹچ‘ ریلیز















