اہم خبریں

باکو میں ’’زبانوں کے درمیان پل‘‘ کے عنوان سے ادبی تقریب، پاکستانی و آذربائیجانی کتب کے تراجم کی رونمائی

باکو،اسلام آباد(رضوان عباسی)پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان بڑھتے ہوئے ادبی، علمی اور ثقافتی روابط کے فروغ کے لیے باکو میں ’’زبانوں کے درمیان پل: آذربائیجانی اردو ادبی تراجم کی تقریبِ رونمائی‘‘ کے عنوان سے خصوصی ادبی تقریب منعقد ہوئی۔

تقریب کا اہتمام سفارتخانہ پاکستان باکو نے آذربائیجان یونیورسٹی آف لینگویجز کے پاکستانی زبان و ثقافت مرکز کے تعاون سے کیا۔ تقریب میں پاکستانی موٹیویشنل اسپیکر اور مصنف قاسم علی شاہ کی معروف کتاب ’’منزل کی طرف‘‘ کے آذربائیجانی ترجمے، جبکہ آذربائیجانی ماہرِ تعلیم، دانشور اور آذربائیجان یونیورسٹی آف لینگویجز کے ریکٹر پروفیسر کمال عبداللہ کی تصنیف ’’وادیِ طلسم‘‘ کے اردو ترجمے کی رونمائی کی گئی۔

تقریب کا افتتاح وزیرِ مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے کیا۔ اس موقع پر آذربائیجان کی پارلیمنٹ (ملی مجلس) کی اراکین تمّام جعفرووا اور رضوان نبی یوف نے پاکستان

اور آذربائیجان کے تاریخی، برادرانہ اور دوستانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان عوامی اور ثقافتی روابط کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

تقریب کے دوران پاکستان کے متنوع ثقافتی ورثے، تاریخی مقامات، قدرتی حسن اور دلکش مناظر پر مشتمل خصوصی فوٹوگرافی نمائش بھی پیش کی گئی۔ نمائش محترمہ ورجینیا مورگن-حیات کی جانب سے پیش کی گئی، جنہوں نے پاکستان میں اپنے تجربات اور تاثرات بھی شرکاء کے ساتھ شیئر کیے۔

اس موقع پر پاکستان کے ثقافتی تنوع اور خوبصورتی کو اجاگر کرنے والی دستاویزی فلم ’’سلام پاکستان‘‘ بھی پیش کی گئی، جسے شرکاء نے بھرپور دلچسپی سے دیکھا۔ مہمانوں کو پاکستانی ثقافت سے روشناس کرانے کے لیے روایتی پاکستانی کھانوں اور مٹھائیوں کا بھی اہتمام کیا گیا۔

تقریب میں آذربائیجان کی پارلیمنٹ کے ارکان، ماہرینِ تعلیم، دانشوروں، ادیبوں، طلبہ، میڈیا نمائندگان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔

شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ ادبی و ثقافتی تبادلے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دیرینہ دوستی، باہمی افہام و تفہیم اور عوامی سطح پر مضبوط روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے ادب کے تراجم ایک دوسرے کی زبان، ثقافت اور فکری ورثے کو سمجھنے کا مؤثر ذریعہ بن رہے ہیں۔
مزیدپڑھیں: ایرانی ریال کی قیمت میں اتار چڑھاؤ، عالمی مارکیٹ میں کرنسی دباؤ کا شکار

متعلقہ خبریں