اہم خبریں

گورنر راج اور ایمرجنسی آئینی آپشن، پہلے سیاسی حل کی کوشش ہونی چاہیے، بلاول بھٹو

گورنر راج اور ایمرجنسی آئینی آپشن، پہلے سیاسی حل کی کوشش ہونی چاہیے، بلاول بھٹو

کراچی ( اے بی این نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گورنر راج اور ایمرجنسی آئینی آپشن ہیں، وفاق ان کے لیے تیار بھی تھا، تاہم پیپلز پارٹی نے مشورہ دیا کہ گورنر راج اور ایمرجنسی سے پہلے مسئلے کا سیاسی حل تلاش کرنے کی کوشش کی جائے۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تحت ہارون آباد میں سیوریج واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ ون کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی کو قائل کرنے کی کوشش کریں گے کہ اپنے لانگ مارچ کی کامیابی کو مانیں اور مارچ ختم کریں۔


انہوں نے تحریک انصاف کو مشورہ دیا کہ سیاسی اور دہشت گردی سے متعلق معاملات کو الگ رکھا جائے۔ بلاول بھٹو زرداری کے مطابق جب سیاست پر توجہ دی جاتی ہے تو خیبرپختونخوا میں دہشت گردی بڑھ جاتی ہے، جبکہ پیپلز پارٹی کا مؤقف ہے کہ دہشت گردی کا مقابلہ مل کر کرنا ہوگا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی حاصل کی، جبکہ اس بار شہر میں جو کام ہو رہا ہے وہ تاریخ میں کبھی نہیں ہوا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کراچی کو اس کے حصے کا پانی نہیں دیا جاتا۔ واٹر اکارڈ میں خاص طور پر کراچی کے لیے اضافی پانی دینے کا لکھا گیا ہے، جبکہ سندھ کو آج تک معاہدے کے مطابق اس کے حصے کا پانی نہیں ملا۔


انہوں نے کہا کہ کیماڑی کے عوام کو پانی پہنچانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ پانی بچانے کے منصوبے کا افتتاح کیا گیا ہے، جبکہ لیاری میں 10 ملین گیلن اضافی پانی دیا جائے گا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کراچی کے عوام کے بنیادی مسائل کا حل نکالنا ہے۔ ان کے مطابق وہ اور ان کی والدہ کراچی میں پیدا ہوئے اور اس شہر کی خدمت کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وفاق کی جانب سے کراچی کو سوتیلا سمجھ کر ڈیل کیا گیا، صوبے میں گیس پیدا ہوتی ہے لیکن یہاں کے عوام کی شکایت ہے کہ انہیں گیس نہیں مل رہی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ کے فور منصوبے میں بھی وفاق کا بڑا کردار ہے اور وہ آج بھی انتظار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے بھی کہا ہے کہ ’شہباز اسپیڈ‘ کا بڑا سنا ہے، افسوس آج بھی انتظار کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں‌:حکومت اور اپوزیشن میں مذاکرات، علی محمد خان نے اہم امید ظاہر کردی

متعلقہ خبریں