پشاور ( اے بی این نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی علی محمد خان نے کہا ہے کہ آج حکومت اور اپوزیشن کی بیٹھک سے قوم کو خوشخبری ملنے کی امید ہے۔
علی محمد خان نے کہا کہ انہوں نے مذاکراتی کمیٹی میں مشورہ دیا ہے کہ لانگ مارچ ایک صورت میں مؤخر ہوسکتا ہے، تاہم وفاقی حکومت سپریم کورٹ کے 18 اگست کے فیصلے پر عمل درآمد کی یقین دہانی کرائے۔
انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلے کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ہسپتال منتقل کیا جائے، جبکہ میڈیکل بورڈ میں ڈاکٹر عظمیٰ خان اور ڈاکٹر فیصل سلطان کو شامل کیا جائے۔
علی محمد خان نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو رہا کیا جائے۔ ان کے مطابق اگر وفاقی حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کے لیے تیار ہوتی ہے تو یہ فریقین کے لیے باعثِ عزت ہوگا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان ایک جمہوری ملک ہے اور آئین پرامن احتجاج کا حق دیتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ آئین و قانون کی بالادستی اور آزاد عدلیہ کی بحالی تک جدوجہد جاری رہے گی۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے تمام مطالبات آئین اور قانون کے مطابق ہیں۔ دہشت گردی سے پاکستان کا ہر شہری متاثر ہے، جبکہ صوبائی اسمبلی کے جرگے میں سیاسی و مذہبی جماعتوں کے دستخط موجود ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت میں پاکستان اور خیبرپختونخوا دہشت گردی کے بجائے سیاحت کے حوالے سے جانے جاتے تھے۔
مزید پڑھیں:مریم نواز سے اسپین کے سفیر کی ملاقات، لاہور اور بارسلونا کو سسٹر سٹی بنانے پر غور















