لاہور ( اے بی این نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اسپین کے سفیر کارلوس ارگون گل دے لا سرنا نے ملاقات کی، جس میں لاہور اور بارسلونا کو سسٹر سٹی قرار دینے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
ملاقات میں اسپین اور پنجاب کے درمیان کاروباری، تجارتی، ثقافتی اور کھیلوں کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے مواقع کا جائزہ لیا گیا۔ مریم نواز نے فٹبال ورلڈ کپ میں اسپین کی فتح پر مبارکباد بھی دی۔
مریم نواز نے فضائی آلودگی، ہیٹ ویوز اور جنگلات میں آگ جیسے موسمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے کی تجویز پر غور کیا۔ لاہور میں اسپین کے اشتراک سے فٹبال اکیڈمی کے قیام کی تجویز بھی زیرِ غور آئی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے فلسطین کو تسلیم کرنے کے اسپین کے اقدام کو سراہتے ہوئے اسپین کے سفیر اور کاروباری وفود کو لاہور اور سیالکوٹ کے دورے کی دعوت دی۔
مریم نواز نے کہا کہ اسپین سے آنے والے تجارتی اور ثقافتی وفود کو پنجاب میں خوش آمدید کہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز اور اسموگ سے نمٹنے کے لیے اسپین کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے بارسلونا میں سڑکوں اور عوامی مقامات کو عوام دوست بنانے کے تجربے سے بھی استفادہ کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
مزید پڑھیں:حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور شروع، اہم پیش رفت متوقع















