لندن ( اے بی این نیوز) انگلینڈ کے فاسٹ بولر برائیڈن کارس پر کرکٹ بورڈ کے ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کا الزام عائد کر دیا گیا۔
31 سالہ برائیڈن کارس پر انگلش کرکٹ بورڈ کے پیشہ ورانہ ضابطۂ اخلاق کی شق 3.2 کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ انہیں ڈربی میں نائٹ کلب کے ایک واقعے کے بعد پولیس نے گرفتار کیا تھا۔
واقعے کے بعد نائٹ کلب کے باہر پولیس کی ہتھکڑیوں میں فاسٹ بولر کی ویڈیو بھی سامنے آئی تھی۔
ڈربی میں 23 اگست کو پیش آنے والے واقعے سے متعلق کرکٹ ریگولیٹر کی تحقیقات مکمل ہوگئی ہیں، جبکہ ڈربی شائر پولیس نے مبینہ حملے کی تحقیقات کے بعد مزید کارروائی نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔
برائیڈن کارس کا معاملہ اب آزاد کرکٹ ڈسپلنری پینل کے سپرد کردیا گیا ہے، جہاں ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کے الزام کا جائزہ لیا جائے گا۔
کرکٹ ریگولیٹر کا کہنا ہے کہ معاملے کی کارروائی جاری ہے اور اس پر مزید تبصرہ نہیں کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:سہیل آفریدی کا بڑا اعلان، حکومت کا ردعمل بھی سامنے آگیا















