لاہور(اے بی این نیوز)پنجاب میں سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے اور تعمیراتی کاموں سے متعلق خیبر پختونخوا کے مشیر اور مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے درمیان سوشل میڈیا پر لفظی جنگ چھڑ گئی۔
بحث کا آغاز مزمل اسلم کے ٹویٹ سے ہوا، جس میں انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے پنجاب میں 45 ہزار کلومیٹر سڑکیں تعمیر کرنے کے دعوے پر سوال اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ اگر واقعی اتنی بڑی تعداد میں سڑکیں تعمیر ہوئی ہوتیں تو ملک میں صنعتی انقلاب آ جاتا۔

مزمل اسلم کے اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ملک صہیب احمد بھرتھ نے ٹویٹ کیا کہ ترقی اور عوامی سہولت کے معاملے پر بات صرف دعووں یا ٹویٹس سے نہیں بلکہ اعداد و شمار اور زمینی کام سے ہونی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے وسعت پذیر روڈ نیٹ ورک کی تمام تفصیلات ریکارڈ پر موجود ہیں اور NHA کے 14,480 کلومیٹر وفاقی قومی شاہراہوں کے نیٹ ورک کا پنجاب C&W (تعمیرات و مواصلات) کے صوبائی روڈ نیٹ ورک سے موازنہ درست نہیں۔
اس کے بعد عظمٰی زاہد بخاری نے ملک صہیب احمد بھرتھ کے ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کے نمائندوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے لکھا کہ خیبر پختونخوا کے “جعلی ارسطو کی عقل کا اندازہ لگائیں جنہیں یہ بھی معلوم نہیں کہ صوبوں میں NHA کے علاوہ اپنی سڑکیں بھی ہوتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں اپنی 80 ہزار کلومیٹر سڑکیں ہیں جن میں سے الحمد للہ وزیر اعلیٰ مریم نواز 50 ہزار سڑکیں بنوا چکی ہیں، جبکہ کے پی کے کے حکمران محض باتیں بناتے ہیں۔
مزیدپڑھیں: ایشین گیمز کرکٹ فائنل،بھارت کی پاکستان کو شکست ،گولڈ میڈل جیت لیا















