اسلام آباد (اے بی این نیوز) پاکستان میں پاسپورٹ پالیسی میں اہم تبدیلی سامنے آگئی، حکومت نے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس (MRPs) کے بجائے ای پاسپورٹس کے اجرا کی جانب منتقلی کا فیصلہ کیا ہے۔
نئی پالیسی کے تحت 15 اکتوبر 2026 سے نئے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس (MRPs) کا اجرا بند کیے جانے کی اطلاع ہے، جبکہ شہری 14 اکتوبر 2026 تک نئے MRP کے لیے درخواست دے سکیں گے۔
مقررہ تاریخ کے بعد نئے درخواست گزاروں کو پاسپورٹ دفاتر سے ای پاسپورٹ جاری کیے جائیں گے۔ موجودہ MRP اپنی مقررہ مدت تک قابلِ استعمال رہیں گے، تاہم ان کی میعاد ختم ہونے کے بعد تجدید ای پاسپورٹ کی صورت میں کیے جانے کی توقع ہے۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس (DGI&P) کی جانب سے پاسپورٹ دفاتر اور بیرونِ ملک پاکستانی مشنز کو نئی پالیسی سے متعلق ہدایات جاری کیے جانے کا بتایا گیا ہے۔
DGI&P کے مطابق ای پاسپورٹ میں الیکٹرانک چِپ موجود ہوتی ہے جس میں پاسپورٹ ہولڈر کی بائیومیٹرک اور شناختی معلومات محفوظ ہوتی ہیں۔ یہ نظام بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کیا گیا ہے اور بعض ہوائی اڈوں پر ای گیٹ سہولت سے استفادے میں مدد دے سکتا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں ای پاسپورٹ کی سہولت 16 اگست 2023 سے ملک بھر کے فیلڈ دفاتر میں دستیاب ہے۔
مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا میں گورنر راج کیلئے مشاورت ہوئی ،فیصل کریم کنڈی















