لاہور (اے بی این نیوز) وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں پیٹرول کی قلت پیدا ہونے کی صورت میں اس کی قیمت ایک ہزار روپے فی لیٹر تک جا سکتی ہے، تاہم ان کا کہنا ہے کہ فی الحال ملک میں پیٹرول کی کوئی قلت نہیں۔
لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں ن لیگی کارکن میاں عامر الطاف کی رہائش گاہ پر ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت تمام ذرائع سے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں تقریباً 80 فیصد اضافہ ہوا ہے، جبکہ پاکستان میں قیمتوں میں تقریباً 50 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کو محدود رکھنے کی کوشش کی ہے۔
علی پرویز ملک نے بتایا کہ گزشتہ روز ایک ہی دن میں 18 کروڑ روپے مالیت کے ایندھن کے ٹوکن جاری کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو موجودہ صورتحال میں مختلف چیلنجز کا سامنا ہے اور عوام کو ایندھن کی فراہمی برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تیل کے کنوؤں پر کام شروع ہوچکا ہے جبکہ اکتوبر میں پاکستان میں زیرِ سمندر تیل کی تلاش کے لیے ترکی کا جہاز بھی آنے کی توقع ہے۔
وفاقی وزیر نے سردیوں میں گیس کی فراہمی کے حوالے سے کہا کہ عوام کو گیس کی قلت کا سامنا نہیں ہونے دیا جائے گا، اس مقصد کے لیے ضرورت پڑنے پر زیادہ مالیت کی گیس بھی درآمد کی جائے گی۔
مزیدپڑھیں: آج بروز پیر اکیس ستمبرصرافہ بازار میں سونے کی نئی قیمت سامنے آگئی















