اہم خبریں

ایچ ون بی ویزا پر بڑا اعلان، ٹرمپ انتظامیہ نے اہم فیصلہ کرلیا

ایچ ون بی ویزا پر بڑا اعلان، ٹرمپ انتظامیہ نے اہم فیصلہ کرلیا

نیویارک (اے بی این نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نئے ایچ ون بی ویزا درخواست گزاروں پر ایک لاکھ امریکی ڈالر فیس عائد کرنے کے انتظامی حکم کی مدت میں مزید ایک سال کی توسیع کردی۔

ٹرمپ انتظامیہ کے مطابق امریکی آجر ایچ ون بی ویزا پروگرام کے ذریعے ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں ہنرمند غیر ملکی کارکنوں کو امریکا میں ملازمت کے لیے بلا سکتے ہیں، تاہم نئے ویزوں کے لیے ایک لاکھ ڈالر کی اضافی فیس کا معاملہ قانونی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے۔

یہ اضافی فیس پہلی بار ستمبر 2025 میں نافذ کی گئی تھی اور اس کی مدت رواں ماہ ختم ہونا تھی، جسے اب مزید ایک سال کے لیے بڑھا دیا گیا ہے۔ تاہم امریکی عدالت میں اس فیس کے قانونی جواز کو چیلنج کیا جا رہا ہے۔ بوسٹن کی اپیل عدالت ایک وفاقی جج کے اس فیصلے کا جائزہ لے رہی ہے جس میں اضافی فیس کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے حکومت کو اس کی وصولی سے روک دیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ ایک دوسری عدالت امریکی چیمبر آف کامرس کی جانب سے فیس کو چیلنج کرنے کی درخواست مسترد کیے جانے کے معاملے کا بھی جائزہ لے رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ اضافی فیس ان غیر ملکی شہریوں پر لاگو نہیں ہوتی جو پہلے ہی طلبہ کے ویزے پر امریکا میں موجود ہیں اور نئے ایچ ون بی ویزا حاصل کرنے والوں میں بڑی تعداد رکھتے ہیں، جبکہ موجودہ ویزوں کی تجدید بھی اس فیس سے مستثنیٰ ہے۔

ایچ ون بی ویزا پروگرام پر تنقید کرنے والوں کا مؤقف ہے کہ بعض کمپنیاں امریکی شہریوں کے بجائے کم اجرت پر غیر ملکی کارکنوں کو ملازمت دینے کے لیے اس پروگرام کا استعمال کرتی ہیں، جبکہ کاروباری اداروں کا کہنا ہے کہ یہ پروگرام ہنرمند ماہرین کی بھرتی اور بعض شعبوں میں اہل کارکنوں کی کمی پوری کرنے میں مدد دیتا ہے۔

کانگریس نے ایچ ون بی ویزا پروگرام 1990 میں متعارف کرایا تھا اور یہ خاص طور پر ٹیکنالوجی کمپنیوں کے لیے اہم ہے، جو بھارت اور چین سمیت مختلف ممالک سے ماہر کارکنوں کی خدمات حاصل کرتی ہیں۔

ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے فیس میں اضافے کے علاوہ ویزا درخواست گزاروں کی جانچ پڑتال اور درخواستوں پر کارروائی کے طریقہ کار میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں، جن کے باعث بعض کمپنیوں کے بھرتی اور کاروباری توسیع کے منصوبے متاثر ہوئے ہیں۔

حالیہ طور پر امریکی محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی نے نئے ایچ ون بی ویزوں کی فیس مستقل طور پر ایک لاکھ 3 ہزار 265 ڈالر تک بڑھانے کی تجویز بھی پیش کی ہے، تاہم اس تجویز کو حتمی شکل ملنا ابھی باقی ہے۔
مزید پڑھیں‌:معروف اسٹیج اداکار اور کامیڈین آصف اقبال انتقال کرگئے، شوبز حلقوں میں سوگ

متعلقہ خبریں