نئی دہلی (اے بی این نیوز) بالی ووڈ کے معروف اداکار نوازالدین صدیقی نے انکشاف کیا ہے کہ فلم ’گینگز آف واسع پور‘ کی کامیابی کے بعد ان کے کیریئر نے نیا رخ اختیار کیا اور انہیں تقریباً 200 فلموں میں کام کی پیشکش ہوئی۔
ایک انٹرویو میں نوازالدین صدیقی نے بتایا کہ فلم کی ریلیز کے بعد بڑی تعداد میں فلموں کے اسکرپٹس ان کے پاس پہنچے، جبکہ بعض فلم سازوں نے انہیں معاوضہ اور شوٹنگ کی تاریخیں اپنی مرضی سے طے کرنے کی پیشکش بھی کی۔
اداکار کے مطابق کچھ افراد نے انہیں خالی چیک تک دے دیے اور کہا کہ وہ اپنی مرضی کی رقم اور دستیاب تاریخیں خود درج کر دیں۔ تاہم، نوازالدین صدیقی نے فوری طور پر کسی فلم کو سائن کرنے سے گریز کیا۔
انہوں نے بتایا کہ تقریباً تمام اسکرپٹس مسترد کردیے کیونکہ انہیں کوئی کردار خاص طور پر متاثر کن نہیں لگا۔ اداکار کا کہنا تھا کہ کئی سال کی جدوجہد کے بعد وہ اس مقام پر پہنچ چکے تھے جہاں صرف کام اور معاوضے کی خاطر ہر منصوبے کا حصہ بننا ضروری نہیں تھا۔
نوازالدین صدیقی نے کہا کہ مناسب منصوبے کا انتظار کرنے کا فیصلہ بعد میں ان کے لیے فائدہ مند ثابت ہوا اور انہیں مزید مضبوط اور بہتر کرداروں کی پیشکش ہونے لگی۔
واضح رہے کہ نوازالدین صدیقی نے 1999 میں فلم ’سرفروش‘ میں مختصر کردار کے ذریعے بالی ووڈ میں قدم رکھا تھا، جبکہ ’گینگز آف واسع پور 2‘ ان کے کیریئر کے اہم موڑ میں شمار ہوتی ہے۔
مزید پڑھیں:پنشن کے معاملے پر ہائیکورٹ کا بڑا ایکشن، ملازمین کے لیے اہم فیصلہ















