اہم خبریں

حج اسکیم کی آخری تاریخ کا اعلان، عازمین کے لیے بڑی خبر

حج اسکیم کی آخری تاریخ کا اعلان، عازمین کے لیے بڑی خبر

اسلام آباد (اے بی این نیوز) وزارت مذہبی امور نے نجی حج اسکیم کے تحت حج پیکیج کے انتخاب اور رقم کی ادائیگی کے لیے 20 نومبر 2026 آخری تاریخ مقرر کردی ہے۔

وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق حج 2027 کے لیے نجی حج اسکیم کے تحت عازمین کی سہولت کے لیے 14 لاکھ روپے سے 37 لاکھ 50 ہزار روپے تک کے 16 بنیادی حج پیکیجز کی منظوری دی گئی ہے۔

ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق نجی حج اسکیم کے لیے رواں سال مجموعی طور پر 71 ہزار 684 نشستیں مختص کی گئی ہیں۔

عازمین اپنی ضروریات اور بجٹ کے مطابق حج پیکیج منتخب کرسکیں گے۔ منظور شدہ پیکیجز میں مختصر مدت کے حج، بیرونِ ملک سے براہِ راست پروازوں اور فائیو اسٹار سہولیات سمیت مختلف آپشنز شامل ہیں۔

ترجمان کے مطابق بیشتر منظور شدہ حج آرگنائزر کمپنیوں نے اپنے پیکیجز حج پورٹل پر اپ لوڈ کردیئے ہیں، جہاں عازمین دستیاب پیکیجز اور ان کی تفصیلات دیکھ کر اپنی پسند کا پیکیج منتخب کرسکتے ہیں۔

وزارت مذہبی امور نے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ پیکیج منتخب کرنے کے بعد رقم کی ادائیگی صرف حج پورٹل یا پاک حج ایپ کے ذریعے کی جائے۔ عازمین کسی فرد، ایجنٹ یا حج کمپنی کو براہِ راست رقم ادا کرنے سے گریز کریں تاکہ انہیں مالی نقصان اور دھوکا دہی سے محفوظ رکھا جاسکے۔

وزارت کے مطابق مقررہ تاریخ تک نجی حج اسکیم کا مختص کوٹہ مکمل نہ ہونے کی صورت میں باقی نشستوں کا کوٹہ دوبارہ مختص کرنے کا اختیار وزارت کے پاس ہوگا۔

وزارت مذہبی امور نے حج 2027 کا ارادہ رکھنے والے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ 20 نومبر 2026 تک اپنی پسند کا پیکیج منتخب کرکے ادائیگی کا عمل مکمل کرلیں۔
مزید پڑھیں‌:چھوٹے کاروبار کے لیے بڑی سہولت، ایف بی آر کی خصوصی ٹیکس اسکیم کا اعلان

متعلقہ خبریں