اہم خبریں

پی اے آر سی چیئرمین کی مدت ختم، ادارے میں قیادت کا بحران

اسلام آباد: پی اے آر سی چیئرمین سید مرتضیٰ حسین اندرابی کی عارضی تعیناتی کی مدت 2 ستمبر کو مکمل ہوگئی، تاہم نئے مستقل چیئرمین کی تقرری تاحال نہیں ہوسکی۔

پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل (پی اے آر سی) گزشتہ ایک سال سے مستقل سربراہ کے بغیر انتظامی امور چلا رہی ہے۔ اس دوران سید مرتضیٰ حسین اندرابی کو عارضی بنیادوں پر ذمہ داریاں سونپی جاتی رہیں، جس کے باعث ادارے میں مستقل قیادت کا معاملہ مسلسل زیر التوا ہے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین کے عہدے کے لیے امیدواروں کے انٹرویوز کا مرحلہ بھی کچھ عرصہ قبل مکمل کیا جاچکا ہے، لیکن وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ کی جانب سے تاحال نئی تقرری کی حتمی منظوری سامنے نہیں آئی۔

مسلسل عارضی انتظام کے باعث ادارے کے اہم انتظامی اور پالیسی معاملات پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔ بعض اہم منصوبوں، فنڈز کی منظوری اور بین الاقوامی تعاون سے متعلق امور میں پیش رفت سست ہونے کی اطلاعات ہیں۔

پی اے آر سی ملک میں زرعی تحقیق، نئی ٹیکنالوجی اور غذائی تحفظ کے حوالے سے اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ایسے ادارے میں طویل عرصے تک مستقل قیادت کا نہ ہونا ملازمین اور متعلقہ حلقوں کے لیے تشویش کا باعث بن رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مستقل چیئرمین کی تعیناتی سے ادارے کے انتظامی معاملات میں تسلسل آنے کے ساتھ زیر التوا فیصلوں کو بھی آگے بڑھانے میں مدد مل سکتی ہے۔ پی اے آر سی چیئرمین کی مستقل تقرری اب وزارت کے لیے ایک اہم انتظامی فیصلہ بن چکی ہے۔

متعلقہ خبریں