اسلام آباد(اے بی این نیوز)محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کردی، جس کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی اور پنجاب کے مختلف شہروں میں اربن فلڈنگ جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، فیصل آباد اور ملتان میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
راولپنڈی اور اسلام آباد کے ندی نالوں، خصوصاً نالہ لئی میں طغیانی کا خطرہ ہے، جبکہ گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع، جن میں پشاور، مردان، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، کوہاٹ اور ڈی آئی خان شامل ہیں، میں بھی بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے مری، گلیات، خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں، گلگت بلتستان اور کشمیر میں موسلا دھار بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے، جس سے آمدورفت کے راستے متاثر ہوسکتے ہیں۔
دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، تاہم ژوب، خضدار، موسیٰ خیل اور بارکھان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
انتظامیہ اور محکمہ موسمیات نے شہریوں اور سیاحوں کو بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے جبکہ پہاڑی اور نشیبی علاقوں میں خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
مزید پڑھیں :آج بروز اتوار23 اگست ایرانی ریال کی تازہ ترین شرح















