لیڈز (اے بی این نیوز) انگلینڈ کے سابق فاسٹ بولر ڈیرن گف نے پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے سکواڈ سے باہر رکھنے پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔
ہیڈنگلے ٹیسٹ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ڈیرن گف نے کہا کہ انگلینڈ کی کنڈیشنز شاہین آفریدی جیسے فاسٹ بولر کے لیے سازگار ہیں، اس لیے انہیں ٹیم میں شامل نہ کیے جانے کا فیصلہ سمجھ سے بالاتر ہے۔
سابق انگلش فاسٹ بولر نے کہا کہ شاہین آفریدی گزشتہ تقریباً 18 ماہ کے دوران اپنی بہترین فارم میں نہیں رہے، تاہم ان کا معیار اب بھی بلند ہے اور وہ ٹیسٹ کرکٹ میں وکٹیں لینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا نسبتاً ناتجربہ کار بولنگ اٹیک انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں مشکلات کا شکار رہا، ایسے میں شاہین کی موجودگی پاکستان کے لیے اہم ثابت ہوسکتی تھی۔
انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 171 رنز پر آؤٹ ہوئی، جس کے جواب میں انگلینڈ نے 409 رنز بنا کر 238 رنز کی برتری حاصل کی۔ پاکستان کی دوسری اننگز بھی صرف 135 رنز تک محدود رہی اور انگلینڈ نے میچ اننگز اور 103 رنز سے اپنے نام کرلیا۔
پاکستان کی جانب سے علی عثمان نے 5 جبکہ خرم شہزاد نے 3 وکٹیں حاصل کیں، تاہم پاکستانی بولرز انگلش بیٹرز کو دباؤ میں رکھنے میں ناکام رہے۔
شاہین آفریدی حالیہ عرصے میں وائٹ بال کرکٹ میں پاکستان کے اہم فاسٹ بولرز میں شامل رہے ہیں۔ نیشنل چیمپئنز کپ کے فائنل میں انہوں نے ہیٹ ٹرک سمیت 7 وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ پورے ٹورنامنٹ میں 4 میچز میں 13 وکٹیں لے کر نمایاں کارکردگی دکھائی تھی۔
مزید پڑھیں: دوسرا ٹیسٹ ،انگلینڈ کے خلاف قومی ٹیم میں تبدیلیوں کا امکان















