لاہور(نیوزڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ نے کراچی حملے کے بعد واضح کیا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کا آٹھواں ایڈیشن اپنے شیڈول کے مطابق جاری رہے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق آج کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں اپنی مکمل اسٹرینتھ کے ساتھ نیشنل بینک کرکٹ ارینا میں میدان میں اتریں گی اور دونوں ٹیموں کے درمیان مقررہ وقت پر شام 7 بجے میچ شروع ہو گا۔پی سی بی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہم تمام ٹیموں اور پی ایس ایل سے جڑے تمام افراد کی سکیورٹی کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور سکیورٹی میں کسی قسم کی کمی کے خدشے کے پیش نظر انہیں صدارتی لیول کی سکیورٹی فراہم کر دی گئی ہے، ایسی ہی سکیورٹی بین الاقوامی ٹیموں کو بھی دی گئی تھی جسے مہمان ٹیموں کے کھلاڑیوں اور حکام کی جانب سے سراہا بھی گیا۔















