اسلام آباد(اے بی این نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر انتخابات اور نئے صوبوں کے معاملے پر اپنا مؤقف پارلیمان میں بھرپور انداز میں پیش کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری آئندہ دو روز کے دوران قومی اسمبلی سے خطاب کرسکتے ہیں، جس میں وہ آزاد کشمیر انتخابات سے متعلق پارٹی کے تحفظات اور مبینہ دھاندلی کے معاملے پر بات کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری آزاد کشمیر انتخابات کے حوالے سے وفاقی حکومت کے ساتھ ہونے والے مذاکرات اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی ایوان کو اعتماد میں لیں گے۔
ذرائع کے مطابق نئے صوبوں کے معاملے پر بھی پیپلز پارٹی قومی اسمبلی میں اپنا نکتہ نظر پیش کرے گی، پارٹی کے پارلیمنٹیرینز ایوان میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق اظہار خیال کریں گے اور پارٹی کا مؤقف سامنے رکھیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری اپنے خطاب میں آزاد کشمیر انتخابات، پارٹی کے تحفظات، وفاقی حکومت سے مذاکرات اور نئے صوبوں کے معاملے پر تفصیلی اظہار خیال کرسکتے ہیں۔
مزید پڑھیں: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے چار کمپنیوں کے لائسنس منسوخ کردیئے















