اہم خبریں

گڈز ٹرانسپورٹرز نے ملک گیر ہڑتال 40 روز کے لیے مؤخر کردی

کراچی: گڈز ٹرانسپورٹرز ہڑتال کے معاملے پر اہم پیش رفت سامنے آگئی، ٹرانسپورٹرز اتحاد نے حکومت سے مذاکرات کے بعد ملک گیر پہیہ جام احتجاج 40 روز کے لیے مؤخر کرنے کا اعلان کردیا۔

گڈز ٹرانسپورٹرز اتحاد کے رہنما ملک شہزاد اعوان نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ حکومت اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان مذاکرات میں کئی معاملات پر اتفاق رائے ہوگیا ہے۔ ان کے مطابق ٹرانسپورٹرز کی جانب سے پیش کیے گئے 8 مطالبات میں سے 6 منظور کرلیے گئے ہیں، جبکہ باقی دو مطالبات پر غور کے لیے کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز گزشتہ 9 روز سے ملک گیر احتجاج پر تھے اور اس دوران گڈز ٹرانسپورٹ کا پہیہ جام رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہڑتال کا فیصلہ کسی شوق کے تحت نہیں بلکہ مسلسل مسائل کے باعث مجبوری میں کیا گیا تھا۔

ملک شہزاد اعوان کے مطابق ٹول ٹیکس، ودہولڈنگ ٹیکس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سمیت متعدد معاملات پر ٹرانسپورٹرز کو تحفظات تھے۔ ٹول ٹیکس کے معاملے پر وفاقی وزیر مواصلات علیم خان کی جانب سے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جبکہ حکومت نے ایندھن کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے مزید وقت بھی مانگا ہے۔

ٹرانسپورٹرز رہنما نے واضح کیا کہ موجودہ صورتحال میں ملک کے وسیع تر مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے احتجاج 40 روز کے لیے مؤخر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ملک بھر کے ٹرانسپورٹرز سے اپیل کی کہ وہ احتجاج ختم کرکے معمول کے مطابق کام شروع کردیں۔

دوسری جانب گورنر سندھ نہال ہاشمی نے مذاکرات کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں فریقوں نے ایک دوسرے کے مؤقف کو سمجھا اور ملکی مفاد کو ترجیح دینے پر اتفاق کیا۔ ان کے مطابق حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

ٹرانسپورٹرز نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ اگر حکومت کی جانب سے کیے گئے وعدوں پر عملدرآمد نہ ہوا تو احتجاج کرنا ان کا قانونی حق ہوگا۔ اس طرح فی الحال ملک بھر میں مال بردار گاڑیوں کی آمدورفت بحال ہونے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

متعلقہ خبریں