اسلام آباد(اے بی این نیوز)پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کے معاملے پر وزیر اعظم کو نئی سمری ارسال کردی گئی ہے۔
پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک خدا بخش کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کے لیے وزیراعظم کو نئی سمری بھیج دی گئی ہے۔
کراچی میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک خدا بخش نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کی جنگی صورتحال میں کمی کے پیش نظر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پہلے کی طرح ہر 7 یا 15 روز بعد مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
دوسری جانب حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل پر ڈیلرز مارجن میں اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ڈیلرز مارجن بڑھانے کی منظوری دی گئی۔
ذرائع کے مطابق مارجن میں اضافے کے نتیجے میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت پر فی لیٹر مجموعی طور پر 2 روپے 68 پیسے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ پیٹرول اور ڈیزل دونوں پر ڈیلرز مارجن میں فی لیٹر ایک روپے 34 پیسے اضافہ کیا گیا ہے۔
اضافے کے بعد پیٹرول اور ڈیزل پر ڈیلرز مارجن بڑھ کر مجموعی طور پر 19 روپے 96 پیسے فی لیٹر ہوجائے گا، جبکہ دونوں مصنوعات پر الگ الگ ڈیلرز مارجن 9 روپے 98 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگا۔
ذرائع کے مطابق اس سے قبل پیٹرول اور ڈیزل دونوں پر ڈیلرز مارجن 8 روپے 64 پیسے فی لیٹر تھا۔
پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر قیمتوں کے تعین کا سابقہ 7 یا 15 روزہ نظام بحال کرنے سے صارفین اور مارکیٹ دونوں کے لیے قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کو بہتر انداز میں منظم کیا جاسکے گا۔
مزید پڑھیں: احساس امید کارڈ،معذور افراد کے لئے ماہانہ 5 ہزار روپے وظیفہ















