اسلام آباد(اے بی این نیوز)ٹینکرز پر حملوں اور ایران اور امریکا کے درمیان امن مذاکرات میں پیش رفت نہ ہونے پر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔
ٹینکرز پر حملوں کی اطلاعات اور ٹرمپ انتظامیہ اور ایران کے درمیان امن معاہدے پر پیش رفت نہ ہونے کے باعث آج خام تیل کی قیمتوں میں ایک ڈالر سے زائد کا اضافہ ہوا۔
برینٹ خام تیل 1.45 ڈالر یا 1.67 فیصد اضافے کے ساتھ 88.52 ڈالر فی بیرل پر بند ہوا، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت 1.15 ڈالر بڑھ کر 82.40 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
برینٹ اور ڈبلیو ٹی آئی دونوں میں ہفتہ وار بنیاد پر بالترتیب 6 فیصد اور 5.4 فیصد اضافے کا امکان ہے۔
آئل مارکیٹ کے ماہر اینڈریو لیپوو نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ ٹینکرز پر نئے حملوں اور جنگ بندی کے معاہدے پر پیش رفت نہ ہونے کے بعد ہفتے کے اختتام پر تیل کی قیمتوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت بدستور محدود رہی تو صورتحال ایک بڑے بحران کی شکل اختیار کر سکتی ہے۔
مزید پڑھیں: سعودی حکومت سے متعلق بڑا فیصلہ 3 شاہی فرمان جاری















