اہم خبریں

آبنائے ہرمز پر مذاکرات فیصلہ کن مرحلے میں داخل، بڑا فیصلہ متوقع

آبنائے ہرمز پر مذاکرات فیصلہ کن مرحلے میں داخل، بڑا فیصلہ متوقع

دوحہ (اے بی این نیوز) قطر نے تصدیق کی ہے کہ ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کے انتظامات سے متعلق مذاکرات اہم اور فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے کہا ہے کہ ایران اور عمان کے درمیان بات چیت پیش رفت کے اہم مرحلے میں پہنچ چکی ہے۔ قطر خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے کی جانے والی تمام سفارتی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔

ماجد الانصاری کا کہنا تھا کہ قطر کی خواہش ہے کہ آبنائے ہرمز کو جلد از جلد دوبارہ کھولا جائے اور تجارتی جہازوں کی معمول کی آمدورفت بحال ہو۔ ان کے مطابق قطر اس معاملے میں ثالثی اور سفارتی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

قطر نے ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز سے بحری جہازوں کی محفوظ آمدورفت سے متعلق جاری مذاکرات میں اہم پیش رفت کی تصدیق کی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان بنیادی بات چیت تجارتی جہازوں کے لیے محفوظ بحری راستے اور مستقبل کے انتظامات پر مرکوز ہے۔

رائٹرز کے مطابق ایران نے گزشتہ ہفتے بتایا تھا کہ دونوں ممالک نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے ایک مجوزہ بحری راستے کے جغرافیائی نقاط پر اتفاق کرلیا ہے، جبکہ مشترکہ اعلان کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔

تاہم ایران نے واضح کیا تھا کہ ایران اور عمان کے درمیان کسی انتظام پر اتفاق ہوجانا آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر دوبارہ کھولنے کی ضمانت نہیں ہوگا۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی کہا ہے کہ عمان کے ساتھ معاہدہ حتمی مراحل کے قریب ہے، تاہم آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر کھولنے کے لیے امریکا کو ایران کے دیگر مطالبات پورے کرنا ہوں گے۔

ایرانی مطالبات میں امریکی پابندیوں میں نرمی، ایرانی اثاثوں کی بحالی اور جنگ سے متعلق معاوضے سمیت دیگر امور شامل ہیں۔

دوسری جانب پاکستانی وزیر دفاع بھی امریکا اور ایران کے درمیان کسی ممکنہ سمجھوتے کے قریب پہنچنے کا عندیہ دے چکے ہیں۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب وزیر داخلہ محسن نقوی بھی ایران کے دورے پر تہران پہنچے ہیں، جہاں وہ ایرانی حکام سے ملاقاتوں میں خطے میں کشیدگی کم کرنے، مذاکرات اور آبنائے ہرمز کی صورتحال پر بات چیت کریں گے۔
مزید پڑھیں‌:ربیع الاول کے چاند کی ممکنہ تاریخ سامنے آگئی، سپارکو کی اہم پیشگوئی

متعلقہ خبریں