اہم خبریں

پاکستانی خاتون سے شادی کرنے والے افغان شہری کی ضمانت منظور

اسلام آباد(اے بی این نیوز)سپریم کورٹ نے پاکستانی خاتون سے شادی کرنے والے افغان شہری کی ضمانت 20 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کر لی۔

سماعت کے دوران سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ افغان شہری کو فارن ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا، جبکہ ملزم کے پاس پاکستانی خاتون سے شادی کا نکاح نامہ بھی موجود نہیں۔

سرکاری وکیل کے مطابق ملزم نے نکاح نامہ 2024ء میں بنوایا، جس کے پاس پاکستان آنے کا کوئی ثبوت اور افغان پاسپورٹ بھی موجود نہیں۔

سماعت کے دوران جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس دیے کہ دیہاتوں میں کون نکاح نامے بنواتا ہے؟ ملزم کے وکیل نے بتایا ہے کہ شادی 1993ء میں ہوئی تھی، تاہم اس وقت نکاح نامہ نہیں بنایا گیا تھا۔

جسٹس ہاشم کاکڑ نے کہا کہ 2 ہائی کورٹس پاکستانی خاتون سے شادی کرنے والے شخص کو ڈومیسائل دینے کا کہہ چکی ہیں، سرکار نے ہی افغانوں کو پاکستان آنے کی اجازت دی تھی۔

انہوں نے کہا کہ راشن بھی دیا گیا، کچھ خود بھی کھایا۔

جسٹس ہاشم کاکڑ نے استفسار کیا کہ جب 2 بچے موجود ہیں تو شادی کا اور کیا ثبوت چاہیے؟

انہوں نے سرکاری وکیل سے سوال کیا کہ اگر ملزم کے پاس کوئی دستاویز موجود نہیں تو اسے افغان شہری کیسے قرار دے دیا گیا؟

بعد ازاں سپریم کورٹ نے افغان شہری کی 20 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کر لی۔
مزید پڑھیں: سونے کی قیمت میں پھر بڑا اضافہ، فی تولہ کتنے کا ہوگیا؟

متعلقہ خبریں