لاہور: لاہور محفوظ ترین شہر کی حیثیت سے عالمی سطح پر ایک اہم اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔ نمبیو کرائم اینڈ سیفٹی انڈیکس 2026 کے مطابق پنجاب کا دارالحکومت دنیا کے محفوظ ترین بڑے شہروں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
نمبیو کی تازہ درجہ بندی کے مطابق لاہور نے سیفٹی انڈیکس میں کئی معروف عالمی شہروں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق کراچی، نئی دہلی، پیرس، واشنگٹن، لندن، نیویارک اور میکسیکو سٹی جیسے بڑے شہروں کے مقابلے میں لاہور کا کرائم انڈیکس نسبتاً کم ریکارڈ کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق مڈ 2025 کے مقابلے میں مڈ 2026 کے دوران لاہور کا کرائم انڈیکس 36.8 سے کم ہو کر 36.2 تک آ گیا، جبکہ سیفٹی انڈیکس 63.2 سے بڑھ کر 63.8 ہو گیا، جو شہریوں کے احساسِ تحفظ میں بہتری کی نشاندہی کرتا ہے۔
لاہور محفوظ ترین شہر قرار دیے جانے کے ساتھ ساتھ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پاکستان کا دارالحکومت اسلام آباد ملک کا سب سے محفوظ شہر قرار پایا ہے۔
تاہم یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ نمبیو کا کرائم اینڈ سیفٹی انڈیکس سرکاری اعداد و شمار پر مبنی نہیں ہوتا۔ یہ درجہ بندی ویب سائٹ استعمال کرنے والے افراد کے تاثرات، تجربات اور سروے کی بنیاد پر مرتب کی جاتی ہے، جسے Perceived Safety یعنی شہریوں کے محسوس کیے گئے تحفظ کی سطح کہا جاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق ایسے انڈیکس شہریوں کے عمومی احساسِ تحفظ کی عکاسی کرتے ہیں، تاہم انہیں سرکاری جرائم کے اعداد و شمار کا متبادل نہیں سمجھا جاتا۔















