اہم خبریں

سرکاری ملازمین کی پنشن میں اضافہ، وفاقی حکومت نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا

اسلام آباد: سرکاری ملازمین کی پنشن میں اضافہ کرتے ہوئے وفاقی حکومت نے ریٹائرڈ سول ملازمین اور مسلح افواج کے ریٹائرڈ اہلکاروں کے لیے 7 فیصد اضافے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ وزارتِ خزانہ کے مطابق اس فیصلے کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔

وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری آفس میمورنڈم کے مطابق پنشن میں کیا گیا 7 فیصد اضافہ تمام وفاقی سول پنشنرز پر لاگو ہوگا، جن میں وہ افراد بھی شامل ہیں جن کی پنشن ڈیفنس ایسٹیمیٹس کے تحت ادا کی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ مسلح افواج اور سول آرمڈ فورسز کے ریٹائرڈ اہلکار بھی اس اضافے سے مستفید ہوں گے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ اضافہ ایسے ملازمین پر بھی لاگو ہوگا جو یکم جولائی 2026 کو یا اس کے بعد ریٹائر ہوں گے۔ حکومت کے مطابق اس فیصلے کا مقصد پنشنرز کو مہنگائی کے اثرات سے جزوی ریلیف فراہم کرنا ہے۔

سرکاری ملازمین کی پنشن میں اضافہ مختلف کیٹیگریز کی پنشن کے ساتھ ساتھ فیملی پنشن پر بھی لاگو ہوگا۔ اس کے علاوہ غیر معمولی پنشن اور ہمدردانہ الاؤنسز بھی اس فیصلے کے دائرہ کار میں شامل ہیں۔

وزارتِ خزانہ نے واضح کیا ہے کہ اگر کسی پنشن کی ادائیگی وفاقی حکومت اور کسی دوسرے سرکاری ادارے کے درمیان مشترکہ ذمہ داری ہے تو اضافی مالی بوجھ بھی دونوں ادارے اپنے مقررہ تناسب کے مطابق برداشت کریں گے۔

تاہم نوٹیفکیشن میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بعض مخصوص مراعات پر اس اضافے کا اطلاق نہیں ہوگا۔ ان میں ریٹائرمنٹ سے قبل دیا جانے والا آرڈرلی الاؤنس یا ڈرائیور و آرڈرلی کی سہولت کے بدلے ادا کی جانے والی مانیٹرائزڈ ویلیو شامل ہے۔

نوٹیفکیشن کے اجرا کے بعد پنشن میں اضافے سے متعلق تمام انتظامی کارروائی مکمل ہو گئی ہے اور متعلقہ ادارے یکم جولائی 2026 سے نئے ریٹ کے مطابق ادائیگی کے پابند ہوں گے۔

متعلقہ خبریں