اسلام آباد (اے بی این نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ انتظامی طور پر صوبوں کی تقسیم ہونی چاہیے۔ عام آدمی سستے انصاف، روزگار اور بہتر زندگی کی تلاش میں ہے۔
اکنامک سمٹ 2026 سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ مسائل کے حل کے لیے نظام میں اصلاحات ضروری ہیں۔ شرکاء نے مسائل کے ساتھ ان کے حل بھی بتائے۔ بین الاقوامی سطح پر ملک کا امیج بہتر ہوا ہے۔ موجودہ نظام کو چلانے میں تاجر برادری بھی شامل ہے۔ موجودہ نظام میں سب کچھ برا نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کر کے مسائل حل کیے جا سکتے ہیں۔ انتظامی طور پر صوبوں کی تقسیم ہونی چاہیے۔ عام آدمی سستے انصاف، روزگار اور بہتر زندگی کی تلاش میں ہے۔ ترقیاتی عمل کو تیز کرنے کے لیے ہمیں نئے انتظامی یونٹس کی طرف بڑھنا ہو گا۔ نظام کی تشکیل نو کے بغیر بہتری ممکن نہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ کاروباری برادری کو کلیدی کردار دیے بغیر معیشت بہتر نہیں ہوسکتی، بڑھتی ہوئی آبادی کا دباؤ بھی مسائل کی بڑی وجہ ہے۔ مالیاتی ماڈل کو نچلی سطح تک لے جانا چاہیے۔ ہمیں سیاسی نظریات سے بالاتر ہو کر ملکی مفاد میں سوچنا چاہیے۔ قومی مسائل کا حل مذاکرات میں مضمر ہے۔ دانشور طبقہ اور میڈیا کو قومی مسائل کے حل کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔ حکومت قانونی برادری اور تاجر برادری کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔
مزید پڑھیں:اسکولز کھولنے کا حکومتی فیصلہ، نوٹیفکیشن جاری















