اہم خبریں

پی ٹی آئی قیادت کا بڑا فیصلہ، جلسے کا اعلان کر دیا گیا

پی ٹی آئی قیادت کا بڑا فیصلہ،جلسے کا اعلان کر دیا گیا

پشاور (اے بی این نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے 5 اگست کو پشاور میں بڑا جلسہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی اس موقع پر اپنی آئندہ کی سیاسی حکمت عملی کا اعلان کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں تحریک انصاف کے بانی سے ملاقات بہتری کی کنجی ہے، ملاقاتوں کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا جائے تو صورتحال میں واضح تبدیلی آسکتی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالنے کے لیے آزادانہ، شفاف اور منصفانہ انتخابات ناگزیر ہیں، ملک کی موجودہ صورتحال کی ذمہ داری بھی بڑی سیاسی جماعتوں کی پالیسیوں اور سیاسی فیصلوں پر عائد ہوتی ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے واضح کیا کہ ان کی جماعت کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی کسی بھی طرح حمایت نہیں کرتی، دہشت گردی سے منسلک ہر فرد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے اور ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے موثر اقدامات ضروری ہیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے تاہم احتجاج سے نمٹنے کا طریقہ کار مختلف ہونا چاہیے، پرامن سیاسی سرگرمیوں کو مختلف نظروں سے دیکھنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ 5 اگست کو پشاور میں ہونے والا اجلاس اہم سیاسی پیش رفت کا باعث بن سکتا ہے، جہاں پارٹی اپنی آئندہ کی حکمت عملی اور آئندہ کے اقدامات کا اعلان کرے گی، پاکستان تحریک انصاف اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ ریاست کے تین ستون ایک ہو گئے ہیں اور وہ جلد محمود اچکزئی سے ملاقات کریں گے۔

آزاد کشمیر کے انتخابات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے بائیکاٹ کی وجہ سے ٹرن آؤٹ بہت کم رہا تاہم پارٹی نے عوامی مطالبات کی حمایت کی اور کسی بھی ریاست مخالف مطالبے کی حمایت نہیں کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ مقبول سیاسی رہنما کو زیادہ عرصہ جیل میں رکھنا مناسب نہیں۔ کشمیر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستان اور کشمیر کا رشتہ ہمیشہ مضبوط رہے گا۔
مزید پڑھیں‌:نواز شریف کو پنجاب میں اہم ذمہ داری سونپ دی گئی

متعلقہ خبریں