لاہور (اے بی این نیوز) حکومت پنجاب نے لاہور کے تاریخی ورثے کے تحفظ اور بحالی کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے ہیریٹیج ایریا ریوائیول بورڈ کی سربراہی سابق وزیراعظم نواز شریف کو سونپ دی ہے۔ اس حوالے سے محکمہ بلدیات پنجاب نے باضابطہ گزٹ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ فیصلہ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کی منظوری کے بعد کیا گیا، جبکہ بورڈ والڈ سٹیز اینڈ ہیریٹیج ایریاز اتھارٹی ایکٹ 2012 کے تحت تشکیل دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے اجرا کے ساتھ ہی اس کا اطلاق بھی فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔
حکومتی فیصلے کے تحت نواز شریف لاہور کے تاریخی مقامات، ثقافتی ورثے اور قدیم عمارتوں کی اصل حالت میں بحالی سے متعلق منصوبوں کی نگرانی کریں گے اور مختلف ترقیاتی و بحالی اقدامات کی رہنمائی فراہم کریں گے۔
حکومت پنجاب کے مطابق ہیریٹیج ایریا ریوائیول بورڈ کے قیام کا مقصد لاہور کے تاریخی ورثے کا تحفظ، قدیم عمارتوں کی بحالی کے عمل کو تیز کرنا اور شہر کی ثقافتی و تاریخی شناخت کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ بورڈ کی نگرانی میں تاریخی عمارتوں، آثارِ قدیمہ اور ورثے سے وابستہ مقامات کی بحالی کے منصوبوں کو جدید تقاضوں کے مطابق آگے بڑھایا جائے گا تاکہ لاہور کی تاریخی اہمیت کو محفوظ رکھا جا سکے۔
مزید پڑھیں:پیٹرولیم قیمتوں کا نیا اعلان،عوام کے لیے اہم خبر















