اسلام آباد (اے بی این نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف سے چین کے سفیر جیانگ ژی ڈونگ نے ملاقات کی جس میں سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف اور چینی سفیر نے مشرق وسطیٰ، افغانستان اور جنوبی ایشیا سمیت خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
شہباز شریف نے چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان جامع اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ دونوں فریق باہمی فیصلوں اور معاہدوں پر عملدرآمد کے لیے قریبی تعاون جاری رکھیں گے، تاکہ دونوں ممالک کے عوام مستفید ہو سکیں۔
جیانگ ژی ڈونگ نے کہا کہ چین پاکستان کو اپنا آہنی بھائی سمجھتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رہے گا۔
مزید پڑھیں:آزاد کشمیر انتخابات 2026، پولنگ اسٹیشن کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کی تازہ اپڈیٹ















