اہم خبریں

ایل این جی سےمتعلق اہم پیش رفت،نئی اپڈیٹ جاری

قطر سے ایل این جی کی فراہمی متاثر ہونے کے بعد پاکستان کا مزید اسپاٹ خریداری کا فیصلہ

اسلام آباد(رضوان عباسی )خطے میں جاری غیر یقینی صورتحال اور قطر سے ایل این جی کی فراہمی متاثر ہونے کے اثرات کے پیش نظر پاکستان نے جولائی کے مہینے کے لیے ایک اور ایل این جی کارگو اسپاٹ مارکیٹ سے خریدنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان ایل این جی لمیٹڈ (پی ایل ایل) نے ایک اور ایل این جی کارگو کی خریداری کے لیے عالمی سطح پر ٹینڈر جاری کر دیا ہے۔ ٹینڈر کے تحت بین الاقوامی کمپنیوں سے 20 جولائی تک بولیاں طلب کی گئی ہیں، جبکہ موصول ہونے والی بولیاں اسی روز کھولی جائیں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹینڈر 27 سے 28 جولائی کے دوران ایل این جی کارگو کی فراہمی کے لیے جاری کیا گیا ہے، تاکہ ملک میں قدرتی گیس کی طلب پوری رکھنے اور توانائی کی فراہمی میں کسی ممکنہ تعطل سے بچا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان جولائی کے لیے پہلے ہی چار ایل این جی کارگوز اسپاٹ مارکیٹ سے خرید چکا ہے۔ ان میں 30 جون سے 4 جولائی کے دوران فراہمی کے لیے ایک کارگو 16.73 ڈالر فی ملین برٹش تھرمل یونٹ، 10 سے 11 جولائی کے لیے دوسرا کارگو 17.37 ڈالر فی ملین برٹش تھرمل یونٹ، 15 سے 16 جولائی کے لیے تیسرا کارگو 18.23 ڈالر فی ملین برٹش تھرمل یونٹ جبکہ 21 سے 22 جولائی کے لیے چوتھا کارگو 20.70 ڈالر فی ملین برٹش تھرمل یونٹ کے حساب سے خریدا گیا تھا۔

توانائی کے شعبے سے وابستہ ذرائع کے مطابق عالمی منڈی میں قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ اور خطے میں جاری کشیدگی کے باعث ایل این جی کی سپلائی اور قیمتوں پر دباؤ برقرار ہے۔ انہی حالات کے پیش نظر حکومت بروقت انتظامات کے ذریعے ملک میں قدرتی گیس کی مسلسل اور بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے اضافی ایل این جی کارگو خریدنے کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔
مزید پڑھیں: سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں،مختلف علاقوں میں 24 خوارج ہلاک

متعلقہ خبریں