ملتان (اے بی این نیوز)پنجاب کے تاریخی شہر ملتان میں خوفناک حادثے کے نتیجے میں شدید زخمی ہونے والے کراچی کے معروف عالم دین مولانا محمد اکرم سعیدی جاں بحق ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق معروف عالم دین مولانا محمد اکرم سعیدی کے ساتھ پیش آنے والے حادثے کی اطلاع جمعہ کے روز سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی، حادثے کی پوسٹ کے ساتھ سامنے آنے والی تصویر میں مولانا اکرم سعیدی کو انتہائی زخمی حالت میں چارپائی پر لیٹے ہوئے دکھایا گیا،مولانا محمد اکرم سعیدی گلشن حدید کی معروف جامع مسجد اور دارالعلوم دیارِ حبیب میں امام اور خطیب تھے۔
مولانا محمد اکرم سعیدی کے انتقال کی خبر سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل گئی، گلشن حدید سمیت کراچی اور ملتان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے سوشل میڈیا صارفین مولانا اکرم سعیدی کے انتقال کی خبر پر افسوس کا اظہار اور معروف عالم دین کے اہل خانہ سے تعزیت کر رہے ہیں،سوشل میڈیا پر مولانا محمد اکرم سعیدی کی خطابت اور نعت گوئی کی ویڈیوز بھی شیئر کی جارہی ہیں۔
بطور امام اور خطیب دہائیوں پر محیط خدمات سرانجام دینے والے ممتاز عالم دین مولانا محمد اکرم سعیدی کا انتقال ملتان میں ہوا جس پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے گلشن حدید سمیت کراچی کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے علمائے دین نے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا، مولانا محمد اکرم سعیدی کی نماز جنازہ میں ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں افراد کی شرکت متوقع ہے۔
مزید پڑھیں: روئی کی قیمتوں میں تیزی کا رجحان،400 روپے فی من اضافہ















