اہم خبریں

پرتگال کی شکست کیساتھ رونالڈو کا ورلڈ کپ کا سفر اختتام پذیر

میکسیکو(اے بی این نیوز)ورلڈ کپ 2026ء میں پرتگال کی شکست کے ساتھ ہی پرتگال کے کپتان اور اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کا ورلڈ کپ کا سفر اختتام پذیر ہو گیا۔

رونالڈو نے تصدیق کی ہے کہ اسپین کے خلاف فیفا ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں کھیلا گیا میچ میرے کیریئر کا آخری ورلڈ کپ مقابلہ تھا۔

انہوں نے واضح کیا کہ قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کے حوالے سے فی الحال کوئی جلد بازی میں فیصلہ نہیں کروں گا۔

پرتگال کو پری کوارٹر فائنل میں اسپین کے ہاتھوں 0-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

میچ کا واحد اور فیصلہ کُن گول ہسپانوی کھلاڑی میکل میرینو نے آخری لمحات میں اسکور کیا، جس کے باعث پرتگال کا عالمی کپ میں سفر اختتام پذیر ہو گیا۔

میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رونالڈو نے کہا ہے کہ میرے خیال میں اسپین کی خوش قسمتی ساتھ تھی جو اسے کامیابی ملی، کیونکہ مقابلہ کسی بھی جانب جا سکتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے اس انداز میں ورلڈ کپ سے باہر ہونے پر دُکھ ہے، میں نے اپنی بھرپور کوشش کی اور اپنا بہترین کھیل پیش کیا، میں مطمئن ہوں کہ میں نے اپنی ذمے داری پوری دیانت داری سے نبھائی۔

رونالڈو نے کہا کہ جی ہاں! یہ میرا آخری ورلڈ کپ تھا، لیکن اب میں اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزاروں گا اور مستقبل کے بارے میں غور کروں گا، میں کسی بھی قسم کا جذباتی یا عجلت میں فیصلہ نہیں کروں گا۔

41 سالہ رونالڈو نے یہ واضح کرنے سے گریز کیا کہ آیا اسپین کے خلاف میچ ان کے بین الاقوامی کیریئر کا بھی آخری مقابلہ تھا یا نہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ میں نہیں چاہتا کہ میرا ذاتی فیصلہ قومی ٹیم کی مہم پر غالب آ جائے، میں جذبات میں بہہ کر فیصلے نہیں کرتا۔

رونالڈو نے قومی ٹیم کے لیے اپنی خدمات پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پرتگال کے لیے 3 بڑے ٹائٹل جیتے، کرسٹیانو رونالڈو سے پہلے پرتگال نے ایک بھی بڑا اعزاز نہیں جیتا تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ میرے نزدیک 2016ء کی یورپی چیمپئن شپ قومی ٹیم کی تاریخ کا سب سے بڑا اعزاز ہے اور سچ پوچھیں تو اس کی اہمیت میرے لیے ورلڈ کپ جتنی ہی ہے۔

واضح رہے کہ کرسٹیانو رونالڈو کی قیادت میں پرتگال نے 2016ء میں یورپی چیمپئن شپ جبکہ 2019ء اور 2025ء میں یوئیفا نیشنز لیگ کا ٹائٹل جیتا۔

دوسری جانب ورلڈ کپ سے پرتگال کی رخصتی کے ساتھ ہی ہیڈ کوچ روبرٹو مارٹینز کا دور بھی اختتام پذیر ہو گیا، رونالڈو نے ان کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھ کام کرنا ایک خوش گوار تجربہ رہا، وہ ایک بہترین کوچ اور شاندار انسان ہیں، پرتگال کے لیے انہوں نے جو خدمات انجام دیں وہ قابلِ تعریف ہیں، میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اس انداز میں ٹورنامنٹ سے باہر ہونا مایوس کن ضرور ہے، لیکن ہمیں اپنی کارکردگی پر فخر ہے اور ہم سر اٹھا کر آگے بڑھ سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں،دہشت گردوں کا زیارت میں پولیس چوکی پر حملہ، 9 اہلکار شہید

متعلقہ خبریں