مظفرآباد (اے بی این نیوز) آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے آئندہ انتخابات کے سلسلے میں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل مکمل ہو گیا، جبکہ مسترد شدہ کاغذات کے خلاف اپیلیں دائر کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق آزاد کشمیر کے 45 انتخابی حلقوں سے مجموعی طور پر 1265 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ ان میں آزاد کشمیر کے 33 حلقوں سے 1047 جبکہ مہاجرین جموں و کشمیر مقیم پاکستان کے 12 حلقوں سے 218 امیدوار شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق جانچ پڑتال کے بعد مجموعی طور پر 41 کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ مسترد شدہ کاغذات نامزدگی کے خلاف اپیلیں 25 جون سے 28 جون تک دائر کی جا سکتی ہیں۔ اب تک 12 اپیلیں موصول ہو چکی ہیں، جبکہ اپیلیں جمع کرانے کی آخری تاریخ کل ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق اپیلوں کی سماعت 29 اور 30 جون کو ہوگی، جبکہ یکم اور 2 جولائی کو سماعت مکمل کرکے حتمی فیصلے جاری کیے جائیں گے۔
مزید پڑھیں:لاہور،مدرسے کے قاری کے مبینہ تشدد سے زیر تعلیم بچہ جاں بحق















