اسلام آباد (اے بی این نیوز) آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کا نیا شیڈول جاری کر دیا۔
اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 23 جون مقرر کی گئی ہے۔
کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 24 جون کو صبح 8 بجے سے ہوگی جبکہ اسی روز درست امیدواروں کی فہرست جاری کی جائے گی۔
ریٹرننگ افسر کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں 25 سے 28 جون تک دائر کی جا سکیں گی۔الیکشن کمیشن 29 اور 30 جون کو اپیلوں کی سماعت کرے گا۔ اپیلوں پر فیصلے یکم اور 2 جولائی کو سنائے جائیں گے۔
کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 3 جولائی دوپہر 2 بجے مقرر کی گئی ہے جبکہ امیدواروں کی فہرست 4 جولائی کو جاری کی جائے گی۔
انتخابی نشانات 5 جولائی کو الاٹ کیے جائیں گے، انتخابی نشانات والے امیدواروں کی حتمی فہرست 5 جولائی کو جاری کی جائے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے لیے پولنگ 27 جولائی کو ہوگی۔
پونچھ (راولاکوٹ) سے امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی متعلقہ آر او کو جمع کرائیں گے۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ضلع پونچھ میں بھی کی جائے گی۔
آزاد کشمیر الیکشن کمیشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امیدواروں کی درخواست پر کاغذات نامزدگی فارم جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق شیڈول میں عوامی سہولت اور امیدواروں کی تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے ترمیم کی گئی ہے۔ امیدوار اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہ اپنے کاغذات نامزدگی مقررہ تاریخ اور وقت کے اندر جمع کرائیں۔
مزید پڑھیں:آزاد کشمیر انتخابات،مسلم لیگ (ن) کے 37 امیدواروں کی فہرست سامنے آگئی















