اسلام آباد(رضوان عباسی )حکومت نے مالی سال 2026-27 کے دوران ملک بھر میں 6 لاکھ 9 ہزار 740 نئے گیس کنکشنز فراہم کرنے کا ہدف مقرر کر دیا ہے۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق نئے مالی سال میں پنجاب، اسلام آباد اور خیبر پختونخوا میں مجموعی طور پر 6 لاکھ 2 ہزار 840 نئے گیس کنکشنز دیے جائیں گے، جبکہ سندھ اور بلوچستان میں 3 ہزار 450 نئے گیس کنکشنز فراہم کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔
دستاویزات کے مطابق آئندہ مالی سال میں 6 لاکھ 105 نئے گھریلو صارفین کو گیس کنکشنز فراہم کیے جائیں گے، جبکہ 2 ہزار 905 نئے کمرشل صارفین اور 170 نئے صنعتی صارفین کو بھی گیس نیٹ ورک میں شامل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (SNGPL) کے نظام پر 6 لاکھ 2 ہزار 840 نئے کنکشنز جبکہ سوئی سدرن گیس کمپنی (SSGC) کے نظام پر 3 ہزار 450 نئے کنکشنز دینے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال 2025-26 کے لیے نئے گیس کنکشنز کا ابتدائی ہدف 4 لاکھ 29 ہزار 220 مقرر کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں نظرثانی کے بعد یہ ہدف کم کر کے 3 لاکھ 83 ہزار 220 کر دیا گیا۔
حکومتی منصوبے کے مطابق آئندہ مالی سال میں نظرثانی شدہ ہدف کے مقابلے میں 2 لاکھ 26 ہزار 520 اضافی نئے گیس کنکشنز فراہم کیے جائیں گے، جس سے ملک میں گیس صارفین کی تعداد میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
مزید پڑھیں: بلاول بھٹو زرداری کا آزاد کشمیر کے مسائل کے سیاسی و پُرامن حل پر زور، احتجاج ختم کرنے کی اپیل















