اہم خبریں

حکومت کا مارکیٹ اوقات میں اہم ردوبدل، دکانیں رات 10 بجے تک کھلی رہیں گی

مارکیٹ اوقات میں تبدیلی کے حوالے سے وفاقی حکومت نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے ملک بھر میں چھوٹی کریانہ اور جنرل اسٹورز کو رات 10 بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت دے دی ہے۔ اس فیصلے کا مقصد عوام کو سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ توانائی کے مؤثر استعمال اور حکومتی کفایت شعاری پالیسی پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ایندھن بچت اور اضافی کفایت شعاری سے متعلق قائم کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف وزارتوں کی جانب سے دی گئی استثنیٰ کی درخواستوں اور اخراجات میں کمی کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر میں جنرل اسٹورز اور چھوٹی کریانہ دکانوں کے مارکیٹ اوقات میں نرمی کی جائے گی اور انہیں رات 10 بجے تک کاروبار جاری رکھنے کی اجازت ہوگی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے شہریوں کو خریداری میں آسانی حاصل ہوگی۔

دوسری جانب وزارت خارجہ اور اس کے کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ اور گجرات میں قائم رابطہ دفاتر کو ہدایت کی گئی ہے کہ قونصلر تصدیق کی خدمات جمعہ کے ساتھ ہفتہ کے روز بھی فراہم کی جائیں تاکہ عوام کو مزید سہولت میسر آ سکے۔

اجلاس میں وفاقی وزرا، معاونین خصوصی اور مختلف وزارتوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ شرکا نے توانائی کے بہتر استعمال، سرکاری اخراجات میں کمی اور عوامی سہولتوں میں اضافے سے متعلق مختلف تجاویز پر بھی غور کیا۔

حکومت کے اس فیصلے کو کاروباری طبقے اور شہریوں کیلئے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے روزمرہ ضروریات کی خریداری میں مزید آسانی پیدا ہوگی۔

متعلقہ خبریں