دبئی (اے بی این نیوز)عالمی منڈی میں بدھ کے روز تیل کی قیمتوں میں تقریباً ایک فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ یہ اضافہ اس وقت سامنے آیا جب امریکی فوج نے ایران کے خلاف نئے حملے کیے اور امریکی خام تیل کے ذخائر میں ایک اور بڑی کمی کی اطلاعات موصول ہوئیں۔
رپورٹس کے مطابق امریکی فوج نے ایرانی اہداف پر حملے اس وقت کیے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک روز قبل امریکی اپاچی ہیلی کاپٹر گرائے جانے کے واقعے کا جواب دینے کا اعلان کیا تھا، اس پیش رفت نے واشنگٹن اور تہران کے درمیان قائم نازک جنگ بندی کو مزید خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔
عالمی معیار کے برینٹ خام تیل کی قیمت 83 سینٹ یا 0.9 فیصد اضافے کے ساتھ 92.29 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل 68 سینٹ یا 0.8 فیصد بڑھ کر 88.97 ڈالر فی بیرل ہو گیا۔
منگل کے روز برینٹ کی قیمت سات ہفتوں کی کم ترین سطح پر بند ہوئی تھی، جبکہ WTI بھی مئی کے آخر کے بعد اپنی کم ترین سطح پر آ گیا تھا۔
اس کمی کی وجہ اسرائیل اور ایران کے درمیان براہِ راست حملوں کا رک جانا تھا، جس کے لیے صدر ٹرمپ نے دونوں ممالک پر دباؤ ڈالا تھا۔
دوسری جانب ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل لبنان میں حزب اللہ کے خلاف کارروائیاں جاری رکھتا ہے تو وہ دوبارہ جنگی کارروائیاں شروع کر سکتا ہے، اسرائیل کی جانب سے حزب اللہ کے خلاف مہم جاری رکھنے کے باعث خطے میں مستقل جنگ بندی کے لیے امریکی کوششوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
ادھر ایران نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والی بیشتر بحری آمدورفت کو محدود کر رکھا ہے، آبنائے ہرمز دنیا کی تقریباً 20 فیصد خام تیل اور مائع قدرتی گیس (LNG) کی ترسیل کا اہم راستہ ہے، اس کے جواب میں امریکا نے ایرانی بندرگاہوں پر اپنی پابندیاں مزید سخت کر دی ہیں۔
امریکی وزیرِ توانائی نے کہا ہے کہ خلیجی پانیوں میں جہازوں کی آمدورفت اور آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل کی برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے، اگرچہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات تاحال کامیاب نہیں ہو سکے۔
سپلائی کے حوالے سے امریکی خام تیل کے ذخائر میں مسلسل آٹھویں ہفتے کمی ریکارڈ کی گئی ہے، امریکن پیٹرولیم انسٹیٹیوٹ (API) کے اعداد و شمار کے مطابق 5 جون کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران خام تیل کے ذخائر 9.12 ملین بیرل کم ہوئےجبکہ پٹرول کے ذخائر میں بھی 1.19 ملین بیرل کی کمی دیکھی گئی۔
مزید پڑھیں: خواتین کے لئے روزگار کا بڑا منصوبہ ،وظیفہ وٹرانسپورٹ الائونس بھی ملے گا















