کراچی: سونے کی قیمت میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد ملک بھر میں سونے کے خریداروں اور سرمایہ کاروں کی توجہ اس جانب مبذول ہوگئی ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 2 ہزار 830 روپے کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 55 ہزار 63 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 2 ہزار 547 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 3 لاکھ 89 ہزار 543 روپے ہوگئی ہے۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کے نرخوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ بین الاقوامی سطح پر سونے کی فی اونس قیمت 28 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 326 ڈالر تک پہنچ گئی ہے، جس کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی مرتب ہوئے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی معاشی صورتحال، سرمایہ کاری کے رجحانات اور بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمتی دھاتوں کی طلب میں اضافے کے باعث سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ جاری ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سونے کی قیمت میں 3 ہزار 94 روپے فی تولہ کمی ریکارڈ کی گئی تھی، تاہم آج مارکیٹ نے دوبارہ تیزی کا رجحان اختیار کرلیا ہے۔















