اسلام آباد: ہسپر ہوپر گلیشیئر کے تیزی سے پگھلنے کے باعث دریا میں پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان کے علاقے ہسپر ہوپر کے قریب واقع دریا میں پانی کی سطح اچانک بلند ہوئی ہے، جس پر صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو متحرک کر دیا گیا ہے۔
اتھارٹی نے مقامی انتظامیہ کو ہدایت جاری کی ہے کہ دریا کے کنارے آباد آبادیوں اور حساس مقامات پر حفاظتی اقدامات فوری طور پر یقینی بنائے جائیں تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔
این ڈی ایم اے نے گلگت ضلع کے مختلف علاقوں، جن میں گورو جگلوٹ، رحیم آباد، نومل، جوتل، جگلوٹ کالونی اور چلمش شامل ہیں، کے رہائشیوں کو محتاط رہنے اور صورتحال پر نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ مقامی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری ہونے والی ہدایات پر عمل کریں۔
ادارے نے مسافروں کو بھی خبردار کیا ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں میں سفر کے دوران غیر ضروری خطرات سے گریز کریں اور موسم و سیلاب سے متعلق تازہ معلومات حاصل کرتے رہیں۔
ماہرین کے مطابق موسم گرما میں درجہ حرارت بڑھنے کے باعث ہسپر ہوپر گلیشیئر سمیت شمالی علاقوں کے کئی گلیشیئرز کے پگھلنے کی رفتار میں اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے بعض علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔
این ڈی ایم اے نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ بروقت معلومات اور حفاظتی رہنمائی حاصل کرنے کے لیے سرکاری ڈیزاسٹر الرٹ ایپ استعمال کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر مقامی حکام سے رابطہ کریں۔















