اہم خبریں

این ڈی ایم اے الرٹ: پنجاب، خیبرپختونخوا اور شمالی علاقوں میں بارش، ژالہ باری کا امکان

این ڈی ایم اے الرٹ کے مطابق آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش، تیز ہواؤں اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر عوام اور متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

جاری کردہ الرٹ کے مطابق اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، جھنگ، میانوالی، ملتان، بہاولپور اور رحیم یار خان میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

خیبرپختونخوا کے علاقوں چترال، دیر، سوات، کالام، مردان، پشاور، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بارش اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

اسی طرح گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں اسکردو، ہنزہ، نگر، دیامر، استور، شگر، مظفرآباد، نیلم ویلی، باغ، کوٹلی اور بھمبر میں بارش کے ساتھ ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق تیز ہواؤں اور ژالہ باری کے باعث کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور دیگر تنصیبات کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ شمالی علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے الرٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ ہنزہ، نگر، چلاس، استور، شگر، چترال، کالام اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث رابطہ سڑکیں متاثر ہو سکتی ہیں۔ قراقرم ہائی وے، ناران روڈ، جگلوٹ اسکردو روڈ اور دیوسائی روڈ پر سفر کرنے والوں کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے نے سیاحوں اور مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے پہلے موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں جبکہ تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں