اہم خبریں

نیشنل رحمت للعالمین و خاتم النبیینؐ اتھارٹی اور نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

نیشنل رحمت للعالمین و خاتم النبیینؐ اتھارٹی اور نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

اسلام آباد(نامہ نگار)نیشنل رحمت للعالمین و خاتم النبیینؐ اتھارٹی اور نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے درمیان باہمی تعاون، علمی و فکری سرگرمیوں کے فروغ اور صحافیوں کی تربیت کے لیے مفاہمتی یادداشت (MOU) پر دستخط کر دیے گئے۔

مفاہمتی یادداشت پر نیشنل پریس کلب اسلام آباد کی جانب سے صدر عبدالرزاق سیال اور نیشنل رحمت للعالمین و خاتم النبیینؐ اتھارٹی کی جانب سے چیئرمین خورشید احمد ندیم نے دستخط کیے۔

اس موقع پر دونوں اداروں نے صحافیوں کی پیشہ ورانہ، فکری اور اخلاقی تربیت کے لیے مشترکہ پروگراموں کے انعقاد، ماہانہ اور سہ ماہی علمی لیکچرز، میڈیا کے ساتھ مختلف مشترکہ سرگرمیوں اور علمی و تحقیقی منصوبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

تقریب کے دوران نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں “رحمت للعالمین بک کارنر” کا بھی افتتاح کیا گیا۔ اس بک کارنر میں سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم، اسلامی تعلیمات، فکری و اخلاقی موضوعات اور قومی یکجہتی سے متعلق کتب دستیاب ہوں گی۔ افتتاح کے موقع پر ربن کٹنگ کی تقریب منعقد ہوئی جبکہ شرکاء میں سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم سے متعلق کتابوں کے تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ نیشنل رحمت للعالمین و خاتم النبیینؐ اتھارٹی اور نیشنل پریس کلب کے درمیان یہ مفاہمتی یادداشت علمی، فکری اور اخلاقی اقدار کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس تعاون سے صحافی برادری کی علمی استعداد میں اضافہ ہوگا اور سیرتِ طیبہ صلی اللہ علیہ وسلم کے آفاقی پیغام کو معاشرے کے مختلف طبقات تک مؤثر انداز میں پہنچانے میں مدد ملے گی۔

مقررین نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ دونوں ادارے مشترکہ کاوشوں کے ذریعے معاشرے میں مثبت فکر، مکالمے، رواداری، تحقیق اور ذمہ دارانہ صحافت کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
مزید پڑھیں‌:سونے کے خریداروں کیلئے خوشخبری،قیمتوں میں بڑی کمی

متعلقہ خبریں