اسلام آباد (اے بی این نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سمندر پار پاکستانیوں اور تاجروں کی درخواست پر گجرات میں پاسپورٹ آفس کے قیام کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم سے ملک بھر کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی اعلیٰ قیادت کے وفد نے ملاقات کی، جس میں آئندہ وفاقی بجٹ، صنعتی ترقی، برآمدات میں اضافے اور معیشت کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں ایس ایم ای سیکٹر کی ترقی، اصلاحات اور سہولیات کی فراہمی کو حکومت کے اقتصادی ایجنڈے کا ایک اہم حصہ قرار دیتے ہوئے وزیراعظم نے مقامی سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ مشترکہ منصوبوں کے ذریعے الیکٹرک گاڑیوں کی مقامی پیداوار کو فروغ دیں۔
وفد کے شرکاء نے خلیجی خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کے فروغ کے لیے وزیراعظم، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔
تاجر برادری کے نمائندوں نے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ وہ پاکستان کی معاشی ترقی اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
وفد نے “وزیراعظم اپنا گھر پروگرام” کے تحت کم اور متوسط آمدنی والے طبقے کے لیے نرم شرائط پر قرضہ سکیم کے اجراء کا خیرمقدم کیا۔
شرکاء نے ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کے بورڈ میں اصلاحات، پی آئی اے کی کامیاب نجکاری، ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن اور ای انوائسنگ جیسے اقدامات پر حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا۔
اجلاس میں ایف پی سی سی آئی، کراچی، لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، سرحد، کوئٹہ، گجرات، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ چیمبرز کے صدور اور سینئر نمائندوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، چیئرمین ایف بی آر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
مزید پڑھیں:وزیراعظم کا بڑا ایکشن،ایف بی آر کو اہم ہدایات جاری















